23 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:30
سپریم کورٹ بارکی کراچی میں فوج بلانے کی مخالفت
آج نیوز - سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کراچی میں فوج بلانے کی مخالفت کردی۔سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کی صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں فوج بلوائی گئی تو سکھر اور حیدرآباد بھی دور نہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت فوج کو طلب کرنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کرنا پڑتی ہے اور بنیادی حقوق معطل ہوجاتے ہیں جس کے بعد عدالتوں کے اختیارات بھی کم ہوجاتے ہیں، سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کی صدر نے کہا کہ اگر فوج کو بلایا گیا تو وکلاء مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے وکلاء اس حوالے سے جو فیصلہ کریں گے ان کا ساتھ دیا جائے گا۔عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ نو سے گیارہ ستمبر تک ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان کے علاوہ سری لنکا ،بنگلا دیش نیپال اور بھارت سے بھی وکلاء شرکت کریں گے ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں چیف جسٹس آف پاکستان کوبھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔