24 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:26
دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ
آج نیوز - بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں چھوڑا گیا پچاسی ہزار کیوسک پانی کا ریلا گنڈا سنگھ کے مقام سے گزر رہا ہے۔ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،بلوکی، چھاٹ، ماہیوالہ، چندہ سنگھ، کلنجر اور فتیوالہ سمیت پچیس دیہات زیر آب آگئے ہیں،دریائے ستلج پر ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہورہی ہے،سیلاب کے خطرے سے آگاہ کرنے والے مرکز کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے دریائے راوی، چناب اور جہلم کے بالائی طاس میں موسلادھار بارش جاری ہے۔جس کے باعث چناب، مرالہ کے مقام پر بپھرنے لگا ہے، یہاں اسی ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ اگلے چھتیس گھنٹے کے دوران دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ دریائے جہلم اور راوی کی سطح بھی بتدریج بڑھنے لگی ہے۔