تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:57

لیبیا: باغیوں کا قذافی کو حوالے کرنے پر 20 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

آج نیوز - لیبیا کے باغیوں نے معمر قذافی کو زندہ یا مردہ حوالے کرنے والے افراد کیلئے بیس لاکھ ڈالر انعام اور معافی کا اعلان کردیا۔ روس نے جنگ کے فوری خاتمے پر زور دے دیا۔ باب العزیزیہ پر قبضے اور صدر معمر قذافی کی روپوشی کے باوجود لیبیا کی صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں ہوسکی۔ قذافی کے بارے میں کسی کو علم ہے نہ ہی لوگ نئی حکومت اور اس کے خدوخال کے بارے میں واقف ہیں۔ دارالحکومت طرابلس کے مختلف حصوں میں معمر قذافی کے حامیوں اور باغیوں میں جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ صدر کے حامیوں نے طرابلس میں ائیرپورٹ جانے والے راستوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ذاویہ شہر کے مضافات سے چار اطالوی شہری اغوا کر لئے گئے۔ باغیوں نے طرابلس کے علاقے میتیگا سے سرکاری ٹینکوں کا بڑا اڈا دریافت کرلیا۔ گولہ باری سے اڈے کو نقصان پہنچا لیکن زیادہ تر ٹینک محفوظ رہے۔ امن و امان کی صورتحال بھی مخدوش ہے۔ مشتعل افراد معمر قذافی کی بیٹی اور بیٹوں کے پر تعیش مکانات میں لوٹ مار کر رہے ہیں۔ باغیوں نے معمر قذافی کو زندہ یا مردہ حوالے کرنے والے افراد کیلئے بیس لاکھ ڈالر انعام اور معافی کا اعلان کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے معمر قذافی کے لیبیا سے چلے جانے کے شواہد نہیں ملے۔ ادھر روس کے صدر دمتری میدویدوف نے لیبیا میں جنگ کے فوری خاتمے، معمر قذافی اور باغیوں میں مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.