27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:17
میکسیکو: بھتہ نہ دینے پر کیسینو نذر آتش، ہلاکتیں 53 ہو گئیں
آج نیوز - میکسیکو میں بھتہ نہ دینے پر جلائے جانے والے کیسینو میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ترپن ہوگئی۔ یہ واقعہ پاکستان کے اقتصادی دارالحکومت کراچی کا نہیں ،، میکسیکو کے انڈسٹریل حب کہلانے والے شہر مانٹیری کا ہے۔ یہاں بھی جرائم پیشہ افراد کے دو گروہوں میں لڑائی ہے اور فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق رائل بلڈنگ کے مالک نے منشیات فروشوں کے گروہ کو بھتہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ بس پھر کیا تھا، گذشتہ روز دو درجن مسلح افراد ٹرکوں پر سوار ہوکر آئے۔ جوئے خانہ میں موجود افراد کو فورا باہر نکلنے کو کہا۔ لیکن عمارت میں موجود خوف زدہ افراد نے باہر نکلنے کے بجائے مزید اندر جانے اور باتھ رومز میں پناہ لینے میں ہی عافیت جانی۔ حملہ آور پوری تیاری سے آئے تھے۔ انہوں نے آوٴ دیکھا نہ تاوٴ، پیٹرول اور مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادی۔ آگ لگی تو دھواں بھی اٹھا اور بند مقامات پر پناہ لینے والے دم گھٹنے سے مرگئے، کوئی جل گیا اور کچھ اب تک پھنسے ہوئے ہیں۔ مانٹیری امریکی ریاست ٹیکساس کی سرحد سے دو سو تیس کلو میٹر فاصلے پر ہے۔ اسے خوشحال مقام کا درجہ حاصل ہے۔ چند برس پہلے تک اسے میکسیکو کا محفوظ ترین مقام سمجھاجاتا تھا۔ لیکن حالیہ برسوں میں یہاں بھی بدامنی اور تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔ چالیس لاکھ آبادی کے اس شہر میں ڈرگ کارٹیل نہایت طاقتور ہوگئی ہے۔ صرف گذشتہ ماہ کے دوران ستر افراد قتل کئے گئے۔ رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے آٹھ سو کے قریب ہے۔ گذشتہ سال اسی عرصہ میں دو سو اٹھہتر افراد ہلاک ہوئے تھے۔