تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:17

عیدالفطر پر فلم کا تحفہ عوام کو پسند آئے گا، ریما خان

آج نیوز - لالی وڈ کی اداکارہ اور ہدایتکارہ ریما خان نے ایس او ایس ویلیج میں مقیم بچوں کے ساتھ افطار کیا۔ ان کا کہنا ہے وہ عید الفطر پر عوام کو ملکی فلمی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم کا تحفہ پیش کر رہی ہیں جو انہیں پسند آئے گا ۔ وہ لاہور کے ایس او ایس ویلیج میں سماجی تنظیم کے تعاون سے ہونے والی افطار پارٹی میں میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں۔ ریما خان نے کہا کہ انہوں نے عیدالفطر پر نمائش کے لئے پیش کی جانے والی اپنی فلم ''لو میں گم'' کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا ہے اور اس کی میکنگ چار مختلف ممالک میں کی ہے۔ ریما خان نے کہا کہ انہوں نے فلم کے ہر فریم پر محنت کی ہے جو فلم بینوں کو دکھائی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سنیما مالکان کی مجبوریوں سے واقف ہیں لیکن انہیں ملکی فلمی صنعت کی پروڈکشنز کو اولیت دینی چاہئے۔ ریما خان ایس او ایس ویلیج میں مقیم بچوں میں گھل مل گئیں اور ویلیج کے سبزہ زار میں ان کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ ریما خان نے کہا کہ متمول افراد کو بے سہارا اور لاوارث بچوں کی خوشیوں میں سانجھ ڈالتے رہنا چاہیے تا کہ ان کی تنہائیاں دور کی جا سکیں۔ انہوں نے ایس او ایس ویلیج میں مقیم بچوں کے لئے عیدی بھی دی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.