تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:34

لاہور :شہباز تاثیر اغوا،مقدمہ درج ،مشترکہ ٹیم تشکیل

آج نیوز - مرحوم گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کو لاہور سے اغواء کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے تحقیقات کیلئے مشترکہ ٹیم تشکیل دے دی جبکہ اغوا کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج کرلیا گیاہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چند مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق شہباز تاثیر کو صبح ساڑھے دس اور پونے گیارہ بجے کے درمیان حسین چوک گلبرگ سے اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ اپنی گاڑی پر آفس جارہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اغواء کار چار نوجوان تھے جو شلوار قمیض اور پینٹ شرٹس میں ملبوس تھے۔ انہوں نے گن پوائنٹ پر شہباز تاثیر کو گاڑی سے نکالا اور اپنی گاڑی میں لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری حسین چوک پہنچ گئی، گاڑی سے فنگر پرنٹس لئے گئے۔ ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے کہ شہباز تاثیر اپنی سپورٹس کار پر گھر سے نکلے اور اپنے ساتھ گارڈز لے جانے سے انکار کردیا۔
وزیرقانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ شہر کے خارجی راستے سیل کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اغواء کار نقاب کے بغیر تھے۔ جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب شہباز کے بھائی شہریار تاثیر کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کو شدت پسندوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ واقعہ کے بعد کیولری گراونڈ میں واقع سلمان تاثیر مرحوم کے گھر کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے شہباز تاثیر کی بہن شہربانو سے فون پر رابطہ کرکے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور اغواء کاروں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ حسین چوک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی اغواء کاروں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ابھی تک ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.