3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:34
نیویارک: سمندری طوفان کا خطرہ، آٹھ ہزار پروازیں منسوخ
آج نیوز - نیویارک میں سمندری طوفان کے خطرے کے باعث آٹھ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ بیس لاکھ افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ صدر اوباما چھٹیاں منسوخ کرکے وائٹ ہاوٴس پہنچ گئے۔
امریکن نیشنل ہوریکن سینٹر کے مطابق طوفان کی شدت میں ساحل سے ٹکرانے تک کمی آسکتی ہے۔ لیکن پھر بھی یہ تباہ کن ہوگا۔ ساحلی علاقوں مں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔شمالی و جنوبی کیرولینا میں تیز بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ کیرولینا کے ساحل پر لہریں نو فٹ تک اونچی ہوچکی ہیں۔ائیرین آج رات شمالی کیرولینا سے ٹکرائے گا اور پھر ورجینیا سے نیویارک کے مشرقی ساحلوں سے ہوتا ہوا نیوانگلینڈ کا رخ کرے گا۔ آئرین کے خدشے کے پیش نظر امریکی حکام نے وسیع پیمانے پر حفاظتی اقدامات کئے ہیں۔ بیس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیویارک اور نیو جرسی کے بڑے ائیرپورٹ آج رات بند کردیے جائیں گے۔ اور طیاروں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جائے گا۔ ائیرٹریفک ٹاور اور دیگر تنصیبات محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ بڑی فضائی کمپنیوں نے پیر تک شیڈولڈ تمام ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ جمعہ ہفتے اور اتوار سے اب تک آٹھ ہزار پرازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ نیویارک میں امریکا کے سب سے بڑے سب وے سسٹم کو پہلی بار بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ بس سسٹم اور پسنجر ریل سروس بھی بند کردی جائے گی۔ شہریوں سے گاڑیاں سڑکوں پر نہ لانے کی ہدایت کری گئی ہے جبکہ ہوا کی رفتار میں اضافے کے ساتھ ہی تمام اہم پل بند کردیے جائیں گے۔ ائیرین سے ڈیلا ویر، نیوجرسی، پنسلوانیا اور ورجینا میں کروڑ آئل کی ریفائنریز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ائریین نے امریکی صدر براک اوباما کو اپنی تعطیلات قبل از وقت ختم کرنے پر مجبور کردیا اور وہ مارتھاز وین یارڈ سے واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔ براک اوباما نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ جو لوگ طوفان کے خطرے کی لائن میں رہ رہے ہیں تو انتظار اور تاخیر مت کریں۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ یہ تاریخی طوفان ہوگا۔