3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:35
کراچی کا مسئلہ ،واحد حل قانون کی حکمرانی ہے ،گیلانی
آج نیوز - وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسئلے کا واحد حل قانون کی حکمرانی ہے،اگر ایسا نہ کیا گیا تو بہت بڑی تباہی آسکتی ہے۔اسلام آباد میں مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت کے استحکام کے لئے کوشاں ہے، نیا این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترمیم اور وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی اس کی واضح مثال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں غیر جمہوری قوتیں اور ملک دشمن عناصر بھی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات موجودہ دور کا بہت بڑا چیلنج ہے،جس کا حل قانون کی حکمرانی میں ہے۔ قوم سندھ حکومت کے فیصلوں کی حمایت کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ مفاہمت اور اتفاق رائے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ یہی جمہوریت ہے لیکن اس راستے میں بہت سی رکاوٹیں بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقصد حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی قیادت میں قربانی، صبر اور دوسروں کی بات سمجھنے کی خصوصیات ہوں۔