3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:35
اختر بلند رانا نے ایڈیٹر جنرل آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
آج نیوز - صدر مملکت کی جانب سے تمام الزامات مسترد کئے جانے کے بعد اختر بلند رانا نے ایڈیٹر جنرل آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کہتے ہیں کہ چیف جسٹس نے انتظامی ذمے داری کے تحت حلف لیا جو کہ اعتراضات سے مشروط ہے۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی اور روایت سے ہٹ کر رجسٹرار نے نوٹیفکیشن سے قبل ایک بیان پڑھ کر سنایا۔ جس میں بتایا گیا کہ صدر مملکت نے اختر بلند رانا کی بطور ایڈیٹر جنرل تقرری کا نوٹیفکیشن تیئس اگست کو جاری کیا تھا لیکن چیف جسٹس نے ان سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔ صدر مملکت نے اْس خط کے جواب دے دیا ہے لٰہذا اب چیف جسٹس صرف انتظامی ذمے داری کے تحت حلف لے رہے ہیں۔ رجسٹرار نے واضح کیا کہ صدر مملکت کو خط خفیہ سرکاری اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر بھیجا گیا تھا۔ اس کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اختر بلند رانا سے حلف لیا۔ آئینی و قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالتی تاریخ میں اس سے قبل کبھی اس طرح کا مشروط حلف نہیں لیا گیا۔ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اختر بلند رانا نے کہا کہ ان کیخلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور وہ سپریم جوڈیشل کونسل سمیت ہر فورم پر سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ اختر بلند رانا پر کینیڈا کی شہریت ، تین پاکستانی ، ایک کینیڈین پاسپورٹ اور دو شناختی کارڈ رکھنے ، ماتحت خاتون کو ہراساں کرنے سمیت سات الزامات تھے جو کہ ایوان صدر نے مسترد کردیئے۔ اب حلف برداری کے بعد اختر بلند رانا کو صرف سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے ہی عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے۔