تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:36

فاٹا، خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں آج عید منائی جا رہی ہے

آج نیوز - فاٹا اور خیبر پختون خوا کے بعض علاقوں میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ جب کہ بہت سے علاقوں میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی پیروی کی جائے گی۔ صوبائی حکومت کے کسی ذمہ دار نے بھی آج عید نہیں منائی۔ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات اور خیبر پختون خوا کے بعض علاقوں میں اس سال بھی دو عید منانے کی روایت برقرار رکھی گئی۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں بیٹھنے والی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے گذشتہ رات شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔ آج مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، ہنگو، لکی مروت، بنوں ، باجوڑ ایجنسی ، کرم ایجنسی، مہمند ایجنسی، خیبر ایجنسی، شمالی و جنوبی وزیرستان اور افغان مہاجرین کے کیمپوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ پشاور کے بعض علاقوں میں بھی عید منائی جارہی ہے۔ تاریخی مسجد مہابت خان، سنہری مسجد، حیات آباد اور اندرون شہر کی بعض مساجد میں عید کے اجتماعات ہوئے۔ ائمہ کرام نے اپنے خطبات میں امن و اتحاد کا درس دیا جب کہ نماز کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ وزیر اعلٰی، گورنر، صوبائی وزراء اور دیگر اعلٰی حکام نے آج عید نہی منائی۔ حکومت نے اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ خیبر پختون خوا کے ہزارہ ، ملا کنڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژنوں میں آج عید نہیں ہے۔ ان علاقوں کے باسی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی پیروی کریں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.