3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:37
خام تیل کی قیمت میں مسلسل چھٹے روز بھی تیزی
آج نیوز - امریکی معیشت کے حوالے سے خدشات میں کمی کے بعد خام تیل کی قیمت میں مسلسل چھٹے روز تیزی دیکھی جارہی ہے۔ امریکی معیشت کے بہتر اعدادو شمار اور تیل کی طلب بڑھنے جبکہ یونان میں دو بڑے بینکوں کے مرجر کے معاہدے کے باعث عالمی سطح پر معاشی سست روی کے خدشات میں کمی آئی ہے۔ ساتھ ہی بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس میں ایک بار پھر ریلی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔ جس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان ہے۔ سنگاپور آئل مارکیٹ میں ایک بیرل لائٹ سویٹ کروڈ کے سودے اکتالیس سینٹس بڑھ کر ستاسی ڈالر اڑسٹھ سینٹس پر ٹریڈ کر رہے ہیں۔ جبکہ لندن برینٹ کروڈ کی قیمت مسلسل چھٹے روز تیزی کے بعد پینتالیس سینٹس اضافے سے ایک سو بارہ ڈالر تینتیس سینٹس پر آگئی ہے۔