3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:37
ذوالفقار مرزا نے پختونوں، مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کی، ایم کیو ایم
آج نیوز - متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا نے پختونوں اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کی، ذوالفقار مرزا خود جج یا جیلر نہ بنیں اور الزامات عدالت میں پیش کریں۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے جو کچھ کہا اور کیا وہ پہلی دفعہ نہیں ہے، ہم ذوالفقار مرزا کا جواب اس کے انداز میں نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے الطاف حسین کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی، ہماری تربیت ایسی نہیں کہ ذوالفقار مرزا جیسی زبان استعمال کریں۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پر ملک توڑنے کی سازش کا الزام لگایا گیا۔ ایم کیو ایم پر پہلے بھی جناح پور بنانے کا الزام لگایا گیا، صرف الزام ہی نہیں بلکہ نقشے تک برآمد کرا دیئے گئے تھے۔ بچہ بچہ واقف ہے کہ چند ماہ قبل پاکستان توڑنے کی خواہش کا اظہار کس نے کیا۔ ذوالفقار مرزا پاکستان توڑنے کی خواہش کا اظہار کر کے پارسا کیسے بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کی نفرت اس کے بیمار ذہن کی عکاس ہے۔ ایم کیو ایم نے موجودہ صورتحال کا سنجیدگی، بردباری سے جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور مہاجروں کا نہ پہلے کبھی جھگڑا تھا نہ اب ہے۔