3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:41
عیدالفطر کے موقع پر پارکوں اور تفریح گاہوں میں رش
آج نیوز - عیدالفطر کے موقع پر پارکوں اور تفریح گاہوں میں رش رہا، سیر کے لئے آنے والے بچوں اور بڑوں نے شکوہ کیا کہ اسٹالوں پر اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔ دور قدیم سے پارکوں کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے، خوشی کا کوئی تہوار ہو یا خوشگوار موسم، عوام پارکوں کا رخ کرتے ہیں۔ زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد عید کے دوسرے روز بھی پارکوں میں نظر آئی، بچے بڑے سبھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ بچویں کا کہنا تھا کہ گھروں میں بیٹھ کر بوریت شروع ہو جاتی ہے، رشتہ داروں کے گھر عید ملنے جانا اچھا لگتا ہے تاہم عید تو اسی وقت ہوتی ہے جب پارکوں میں آ کر جھولے لئے جاتے ہیں اور سٹالوں سے اشیاء خرید کر کھائی جاتی ہیں۔ ماں باپ بچوں کی خوشی کے لئے رقم تو خرچ کرتے لیکن انہیں شکایت ہے کہ چیزیں انتہائی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اسٹال مالکان کا کہنا ہے کہ وہ عید کے روز اپنے بچوں سے دور رزق حلال کمانے کے لئے موجود ہیں، چیزیں مہنگی نہیں، مارکیٹ ریٹ پر فروخت کر رہے ہیں۔ عید کے تہوار پر سیر و تفریح جہاں لوگوں کی خوشیوں کا سبب بنتی ہے وہاں ناجائز منافع کمانے والوں کی بھی چاندی ہو جاتی ہے۔