3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:41
کراچی: رینجرز کی کارروائی، 18 مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ برآمد
آج نیوز - کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران رینجرز نے اٹھارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقوں خدا کی بستی، سرجانی، ملیر کھوکھرا پار اور گھاس منڈی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران اٹھارہ مشتبہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ گرفتار افراد سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ برآمد کی گئی اشیاء میں ایک سو اکسٹھ شراب کی بوتلیں، مسروقہ موٹر سائیکل، ایم ایم رائفل اور چار ٹی ٹی پستول شامل ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں اب تک رینجرز کی کارروائیوں میں گرفتار افراد کی تعداد اٹھاون ہوگئی۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے رینجرز کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے جوئے کے اڈوں کیخلاف کارروائی کو سراہا۔