3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:41
لالی وڈ فلموں نے دھوم مچا دی، سنیما گھروں میں لوگوں کا رش
آج نیوز - عیدالفطر کے دوسرے روز بھی فلم بینوں کی بڑی تعداد نئی ریلیز ہونے والی فلموں کو دیکھنے کے لئے سینما گھروں میں آئی اور لاہور کی سینما مارکیٹ میں نئی فلمیں دیکھنے والوں کا زبردست رش رہا۔ عید الفطر کے موقع پر نمائش کے لئے پیش کی جانے والی ملکی اور غیر ملکی فلموں پر مشتمل عید فلم فیسٹیول کو دیکھنے کے لئے لاہوریوں کی بہت بڑی تعداد مقامی سینما گھروں تک آئی، ریما خان کی فلم کو دیکھنے کے بعد ویورز نے جو تاثرات ریکارڈ کروائے، ان میں فلم کی ڈائریکشن، سکرپٹ، ڈائیلاگز اور میوزک کی تعریف کی گئی ہے ،فلم کے تمام شوز تواتر سے ہاؤس فل جا رہے ہیں۔ انہوں نے ریما کی فلم کو نہ صرف معیاری بلکہ اسے ملکی فلم انڈسٹری کے مستقبل کے لئے سود مند قرار دیا۔ فیصل بخاری کی فلم ''بھائی لوگ'' کو بھی لوگوں کی بڑی تعداد دیکھنے آ رہی ہے اور سینما مارکیٹ میں فلم کے تمام شوز ہاؤس فل گئے ہیں۔ فلم بینوں کی کہانی اور اداکاروں کی اداکاری کو لوگ خصوصی طور پر ڈسکس کر رہے ہیں۔ شو مین سید نور کی ''جگنی'' بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے اور شہر کے مرکزی سینما میں لوگوں کی بڑی تعداد نے فلم کو دیکھا اور اسے کامیاب فلم قرار دیا۔ بالی وڈ کی فلم ''باڈی گارڈ'' کو فلم بین بڑی تعداد میں دیکھ رہے ہیں، اگر یہ فلم عید فلم فیسٹیول میں شامل نہ ہوتی تو عین ممکن تھا کہ یہی فلم بین ملکی فلمیں دیکھنے کو ترجیح دیتے۔ ریما ، سید نور اور فیصل بخاری کی فلموں کی عوام میں پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے فلم میکرز معیاری فلمیں بنا سکتے ہیں جو لوگوں کی توقعات پر پوری اتر سکتی ہیں۔