3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:41
باجوڑ :تیس بچے اور نوجوان افغانستان منتقل
آج نیوز - باجوڑ ایجنسی میں پکنک کے دوران افغان عسکریت پسندوں کے ہاتھوں یرغمال تیس بچوں اورنوجوانوں کو افغان صوبے کنڑ منتقل کردیا گیا ۔
پولیٹیکل انتظامیہ نے ماموند قبائل کے ساتھ جرگے میں عمائدین کو بچوں کی فوری بازیابی کی ہدایت کر دی جبکہ ماموند قبائل نے افغان صوبہ کنڑ کے عمائدین کے ساتھ رابطہ کر کے لاپتہ بچوں کی تلاش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق تحصیل لوئے ماموند کے چالیس بچے اور نوجوان پاک افغان کے سرحدی علاقے غاخی پاس میں عید کے دوران پیکنک کیلئے گئے تھے تاہم اس دوران درجنوں افغان عسکریت پسندوں نے گھیرا ڈال کر تیس بچوں اورنوجوانوں کو اغوا کر لیا جبکہ دس جوان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کنڑ کی کسی بھی عسکریت پسند تنظیم نے واقعے کی زمہ داری قبول نہیں کی ،گورنر کنڑ فضل اللہ واحدی نے آج نیوز کو بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے اہم سراغ ملے ہیں اور انہوں نے یقین دلایا کہ مذاکرات کے ذریعے مغویوں کو جلد بازیاب کروالیا جائیگا۔