3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:42
تیس مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کی کوششیں جاری، طا لبان نے ذمہ داری قبول کر لی
آج نیوز - تیس مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ طالبان نے اغواء کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ماموند قبائل کا جرگہ آج افغان صوبہ کْنڑ میں مقامی عمائدین سے ملاقات کرے گا۔ باجوڑ ایجنسی کے ماموند قبائل کا پینتیس رکنی جرگہ پولیٹیکل ایجنٹ کی ہدایت پر گذشتہ روز افغان صوبہ کْنڑ روانہ ہوا تھا۔ جرگہ ارکان کْنڑ میں افغان عمائدین سے ملاقات کرکے مغویوں کی بازیابی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ افغان قبائلی عمائدین نے گذشتہ روز ہی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ پاکستانی مغویوں کی بازیابی کیلئے ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل لوئے ماموند کے تیس بچوں اور جوانوں کو گذشتہ روز افغان عسکریت پسندوں نے اغواء کرلیا تھا۔ مغویان سرحدی علاقے غاخی پاس میں پکنک کیلیے گئے تھے۔ پکنک پر جانے والوں کی مجموعی تعداد چالیس تھی جن میں سے دس افراد اغواء کاروں کے چنگل میں جانے سے پہلے ہی بھاگ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواء کاروں نے مغویوں کو افغان صوبہ کْنڑ میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ کنڑ کے گورنر فضل اللہ واحدی نے آج نیوز کو بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کیلیے اہم سراغ ملے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مغویوں کو جلد بازیاب کروالیا جائیگا۔