3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:6
راولپنڈی :چینی خاتون سے زیادتی کی کوشش ،کانسٹیبل کا ریمانڈ
آج نیوز - راولپنڈی کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چینی خاتون انجینئر سے ذیادتی کی کوشش کرنے والے کانسٹیبل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔سی پی او راولپنڈی نے پراجیکٹ پر تعینات تمام اہلکاروں کے تبادلے کر دیئے۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پراجیکٹ پر کام کرنے والی خاتون چینی انجینئر سے زیادتی کی کوشش کرنے والے کانسٹیبل توثیر عباس کو ہفتے کے روز ڈیوٹی مجسٹریٹ اسد اللہ کے روبرو پیش کیا گیا۔ مجسٹریٹ نے ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات کا جائزہ لینے کے بعد کانسٹیبل توثیر عباس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی اظہر حمید کھوکھر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینیوں کی حفاظت پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کے تبادلے کر دیئے ہیں اور ایس ایچ او تھانہ ویسٹریج ذوالفقار مہر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے ایڈمن مینیجر پی کنگ نے خاتون چینی انجینئر سے ذیادتی کی کوشش کرنے پر کانسٹیبل توثیر عباس کے خلاف تھانہ ویسٹریج میں تحریری شکایت کی،جس پر پولیس نے مذکورہ کانسٹیبل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زیر دفعہ تین سو چھیتر،پانچ سو گیارہ،چار سو باون اور پولیس آرڈر ایک سو پچپن سی اور ڈی کے تحت ایف آئی آر درج کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا۔