13 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:59
اجازت کے بعیر غیرملکیوں کی فاٹا اور پشاور داخلے پر پابندی ہے
اے آر وائی - اسلام آباد : ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فضل کریم خٹک نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا ہے کہ خصوصی اجازت نامہ کے بغیر غیر ملکیوں کی فاٹا اور پشاور داخلے پر پابندی ہے ، اور اجازت کے بغیر جانے والے غیر ملکیوں پر ٹول پلازہ پر ہی روک دیا جاتاہے۔
انھوں نے بتایاکہ غیر ملکیوں کی پشاور اور فاٹا میں بغیر اجازت داخلے پر پابندی سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے ۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی خصوصی کمیٹی کا ا جلاس یاسمین رحمان کی صدارت میں ہوا جس میں فاٹا سیکرٹریٹ کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آڈٹ حکام کی جانب سے گورنر خیبر پختونخواہ کے ہیلی کاپٹر کے فیول کی مد میں ایک کروڑ روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کا آڈٹ اعتراض اٹھایاگیا ۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ گورنر کیلئے فیول کے استعمال کی کوئی حد مقرر نہیں جس پر یاسمین رحمٰن کاکہناتھاکہ چاہے گورنر ہی کیوں نہ ہو ہر چیز کی حد ہونی چاہیئے۔آڈٹ حکام کی جانب سے کمیٹی کو بتایاگیا کہ پولیٹیکل ایجنٹس کے زیادہ تر فنڈز بغیر آڈٹ کے ہیں جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹیر ی فاٹا کاکہناتھاکہ قومی مفاد میں سیکرٹ فنڈ کے استعمال سے آڈٹ حکام کو آگاہ نہیں کیا جاسکتاتاہم پی اے سی کو اس فنڈ کا استعمال بتادیا جائے گا۔رکن کمیٹی نور عالم کاکہناتھاکہ پولیٹیکل ایجنٹ کرپشن میں ملوث ہیں ایک ایک پولیٹیکل ایجنٹ کو تیس کروڑ روپے لے کر تعینات کیا جاتاہے ۔