23 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:48
وزیراعظم کراچی میں امن نہیں کراسکتے تو مستعفی ہوجائیں، الطاف
اے آر وائی - متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی کراچی میں امن و استحکام بحال کرانے اور اپنے احکامات پر عملدرآمد کروانے سے قاصر ہیں تو مستعفی ہوجائیں ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی کو برادرانہ مشورہ ہے کہ امن نہیں کراسکتے تو معصوم مہاجروں کے خون سے کھیلی جانے والی ہولی سے کم از کم اپنے دامن کو پاک کرنے کیلئے وزارت عظمیٰ سے فی الفور دستبردار ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے متعدد باربات کرکے انہیں کراچی کا امن غارت کرنے والے ایسے دہشت گردعناصرکے بارے میں آگاہ کرچکا ہیں۔ دہشت گردوں کی کارروائیوں سے شہری شدید متاثر ہیں۔ ایسے جرائم پیشہ دہشت گردعناصرکے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورکراچی میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کاسلسلہ جاری ہے۔
الطاف حسین نے سوال کیا کہ دہشت گردی کے ان واقعات پر عوام و خواص آخر کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔ انہوں نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم گیلانی سے اپیل کی کہ کراچی کے معصوم شہریوں کا قتل بندکرائیں اورسفاک قاتلوں کوفی الفور گرفتارکروائیں۔
الطاف حسین نے کہاکہ اگر وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کراچی میں امن واستحکام بحال کرنے اوراپنے احکامات پر عمل درآمدکروانے سے قاصرہیں توانہیں میرابرادرانہ مشورہ یہی ہوگا کہ وہ معصوم مہاجروں کے خون سے کھیلی جانے والی ہولی سے کم ازکم اپنے دامن کوپاک کرنے کیلئے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے فی الفوردستبردار ہوجائیں۔