24 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:45
پبلک اکاونٹس کمیٹی کی خصوصی اور ذیلی کمیٹیاں توڑ دی گئیں
اے آر وائی - قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین چودھری نثارعلی خان نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی خصوصی اور ذیلی کمیٹیاں توڑ دی ہیں اور پی اے سی کو ہدایت کی ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کی باقائدہ میٹنگ تک ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کی میٹنگز کا فیصلہ معطل رکھا جائے۔
اپنے بیان میں چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پی اے سی نے تین سالوں میں ایک سو پندرہ ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے اس کو اب حکومتی ضروریات اور ایجنڈے کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نئے آڈیٹر جنرل کے تقرر سے حکومتی عزائم واضع ہو گئے ہیں۔
چودھری نثار نے کہا کہ ایک آئینی پوسٹ کو پسندیدہ اور متنازعہ شخصیت سے پر کر نے کا مقصد حکومت کے اکاونتس کو غیر موثر کر نے کی واضع کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے آڈیٹر جنرل کے اہم اور آئینی پوزیشن پر تقرر سے وزیراعظم کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔