24 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:1
میاں شہباز شریف کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں، راجہ ریاض
اے آر وائی - پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نےکہاہے کہ انہیں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں مجھے کچھ ہوا تو وزیراعلیٰ ذمہ دار ہوں گے، صدراور وزیراعظم نے سندھ حکومت کو فری ہینڈ اور اختیارات دیئے ہیں، سندھ کی جمہوری حکومت حالات پر جلد قابو پا لےگی، بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے کراچی میں فوج اور الطاف حسین کی جانب سے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں، پنجاب حکومت کی کارکردگی صفرہے اورمکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
پنجاب اسمبلی میںخطاب کرتےہوئے انہوں نے شہبازشریف سے 10سوالات کئے جن میں ان محکموں کی کارکردگی صفر بتائی، ان میں لاءاینڈ آرڈر، پٹوار کلچر، ایجوکیشن، ہیلتھ، سڑکیں، بلڈنگز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ہاؤسنگ، ایل ڈی اے، واسا ، محکمہ انہار، زراعت اور خوراک شامل ہیں انہوں نے وزیراعلیٰ سے ان سوالوں کے جواب مانگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ”تخت لاہور“ ضدی بچہ“ اور مغل شہزادوں“ کے الفاظ کے سبب مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں، اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیراعلیٰ شہباز شریف ہوں گے، راجہ ریاض نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے حوالے سے شہباز شریف کی کارکردگی صفر، پورے صوبے میں پٹواریوں کے ریٹ 100فیصد بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی کے واقعات پر ہم نے اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر مسئلے کے حل کے لئے بہت کوششیں کیں ان کے نہ ماننے پر سندھ کی حکومت نے بلاتفریق کارروائی کا فیصلہ کیا ہے صدر اور وزیراعظم نے وہاں حکومت کو فری ہینڈ دیا ہے اور اختیارات بھی یقین ہے کہ سندھ کی جمہوری حکومت حالات ٹھیک کرنے میں کامیاب ہو گی۔
راجہ ریاض نےکہا کہ کراچی میں فوج کا مطالبہ وہ لوگ کررہے ہیں جنہوں نے واپڈا میں فوج کو لگایا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ قابل مذمت ہے اسے مسترد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں تک میاں نوازشریف کی جانب سےنئے مطالبے کا تعلق ہے تو انہوں نے آمروں کا ”جھوٹا“ کھایا ہے ان کے مطالبے کو مسترد کرتے ہیں، ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے پارلیمنٹ کو عرصہ پورا کرنے دیا جائے۔