25 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:11
صدر زرداری 30 اگست سے چین کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
اے آر وائی - دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری تیس اگست سے یکم ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے جس میں وہ چائنا یورو ایشیا ایکسپو میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ صدر اس دوران یکم سے دو ستمبر تک تاجکستان کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دورے کی دعوت صدر امام علی رحموف نے دی ہے۔ دو ستمبر کو افغانستان ، پاکستان، روس اور تاجکستان کے سربراہان کا اجلاس دوشنبہ میں ہوگا۔
یہ اس نوعیت کی تیسری ملاقات ہوگی جس میں خطے کے ممالک کے درمیان بہتر تعلقات ، انفرااسٹرکچر، تجارت، امن و استحکام، توانائی، افغانستان میں قیام امن ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کی روک تھام کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔