تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 اگست 2011
وقت اشاعت: 13:44

الطاف حسین پرملک توڑنے کا الزام شرمناک ہے،فیصل

اے آر وائی - متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کی جانب سے الطاف حسین پر ملک توڑنے کا الزام شرمناک ہے، ذوالفقار مرزا کے الزام ان کی بیمار ذہنیت کے عکاس ہیں، 1992 میں اس سے بھی بڑے الزامات عائد کیے گئے ، ہمارے کارکن صبر سے کام لیں ۔



ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کراچی میں پریس کانفرنس کہا کہ ذوالفقار مرزا کی جانب سے اس طرح کی زہر افشانی پہلی مرتبہ نہیں، ان کے کرسی سنبھالتے ہی فسادات پھوٹ پڑے، جب یہ صوبائی وزیر داخلہ تھے تو ہمارے پانچ سو کارکنوں کو قتل کیا گیا ، انھوں نے بلوچوں، پختونوں اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کی۔



فیصل سبزواری نے کہا کہ ٹھٹھہ ، گھوٹکی اور نوشہرو فیروز میں ایم کیو ایم کے حق میں مظاہرے کیے گئے اور ٹھٹھہ میں ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور جو لوگ ہمیں دیوار سے لگانا چاہتے ہیں وہ دیوار پر لکھا پڑھ لیں ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنان بے گناہ ہیں اور جلد رہا ہو جائیں گے ۔



انہوں نے کہا کہ سندھ خصوصا کراچی میں امن کے لئے کوششیں کرتے رہیں گے ، ملزمان نے کوئی بھی لبادہ اوڑھا ہو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ، الطاف حسین نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ اشتعال میں نہ آئیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.