12 جنوری 2012
وقت اشاعت: 12:55
ن لیگ حکومتی اتحاد کی جماعتوں سے رابطے کرے گی
اے آر وائی - مسلم لیگ ن کے اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ این آراو فیصلے پر عمل ہوتا تو یہ حالات نہ ہوتے۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدارت میاں نواز شریف نے کی ۔ اجلاس سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ ملک میں مہم جوئی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے فیصلوں کو اہمیت نہیں دی، عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ ن لیگ کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ نے چوہدری نثار کو مسلم لیگ ق سے رابطوں کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ وہ مولانا فضل رحمان سے بھی رابطہ کریں گے ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات کے اعلان کی صورت میں ن لیگ سینیٹ کے انتخابات میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ اتحادی جماعتوں سے رابطے کا مقصد حکومت کی جانب سے اداروں کے خلاف کارروائی کے صورت میں مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔