29 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 4:21
سدھیندر کلکرنی اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے
جیو نیوز - ممبئی.....ممبئی میں خورشید قصوری کی کتاب کی تقریب رونمائی کے شیوسینا کے غنڈوں کے سامنے ڈٹ جانے والے سدھیندر کلکرنی اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے ۔
آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن بھارت کے چیئر مین سدھیندر کلکرنی نے خورشید قصوری کی جانب سے ان کی کتاب کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔یہ تقریب دو نومبر کو منعقد ہوگی ۔
خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ انہوں نے کلکرنی کو دورے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ دونوں مل کر امن کے فروغ کے لیے کام کرسکیں۔
ادھر، سدھیندر کلکرنی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہیں آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی۔ وہ خورشید قصوری کے شکر گزار ہیں ۔