31 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:43
طلاق کا سبب...سیاست...صحافت...پھر سیاست؟
جیو نیوز - کراچی......ساگر سہندڑو…پاکستان میں تبدیلی لانے کے دعویدار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی دوسری بیوی ریحام خان کو بھی طلاق دے دی۔ اس سے پہلے عمران خان اپنی پہلی بیوی جمائمہ خان اور ریحام خان پہلے شوہر اعجاز رالرحمن سے طلاق لے چکی ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کی دونوں جبکہ ریحام خان کی پہلی طلاق صحافت اور دوسری سیاست میں داخل ہونے کی کوشش کی وجہ سے ہوئی ہے۔
عمران خان اور ریحام خان کے درمیاں طلاق کی حتمی وجوہات تو اب تک سامنے نہیں ا?سکی ہیں لیکن میڈیا رپورٹس اور تجزیہ نگاروں کی اکثریت کے مطابق دونوں میں ریحام خان کی جانب سے سیاست میں حصہ لینے اور عمران کی بہنوں کی ناراضگی کی وجہ سے طلاق ہوئی ہے۔عمران خان اور ریحام خان نے اپنی طلاق کی تصدیق کردی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے میڈیا سے اپنی ذاتی زندگی کا خیال رکھنے کی فرمائش بھی کردی ہے۔
ریحام خان اور عمران خان نے اسی سال 8 جنوری کو بنی گالا اسلام آباد میں شادی کی تھی لیکن ان کی شادی کی خبریں دسمبر2014میں اس وقت سے عام ہوچکی تھیں جب عمران نے نواز حکومت کے خلاف دھرنا دے رکھا تھا۔ عمران اور ریحام کی شادی 9 ماہ 22 دن ہی چل سکی۔دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں بھی پہلے ہی میڈیا میں آچکی تھیں جن کی عمران اور ریحام نے تردید کی تھی لیکن بالاخر انہوں نے سچ کو تسلیم کرلیا۔
عمران خان اور ریحام خان دونوں کی یہ دوسری شادی تھی جس وجہ سے یہ سمجھا جا رہا تھاکہ ان دونوں کی شادی کامیاب ہوگی لیکن ایسا نہ ہوسکا اور 10 ماہ کے اندر ہی دونوں نے راہیں الگ کردیں۔ ریحام خان نے پی ٹی آئی کے کئی جلسوں میں شرکت کرنے سمیت پی ٹی آئی کی الیکشن مہم میں بھی حصہ لیا جس کے بعد یہ سمجھا جانے لگا کہ شاید ریحام خان بھی سیاست میں آئیں۔ عمران خان نے تین ماہ پہلے ہی ریحام خان کے جلسوں میں آنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
عمران خان کی پہلی شادی
پی ٹی آئی چیئرمین 62 سالہ عمران خان اس سے پہلے بھی اپنی پہلی بیوی جمائمہ خان کو 22 جون 2004میں طلاق دی تھی۔ عمران خان نے ارب پتی فرینچ بزنس مین سر جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائمہ خان سے 16مئی 1959کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں شادی کی تھی جس کا ولیمہ21 جون منعقد کیا گیا۔جمائمہ شادی سے قبل دائرہ اسلام میں داخل ہوئیں اور ان سے عمران خان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم خان بھی ہیں۔
عمران خان کی جانب سے 90ء کی دہائی میں سیاست میں حصہ لینے کے بعد جمائمہ خان نے بھی عمران خان کے ساتھ کئی سیاسی و سماجی جلسوں میں شرکت کی لیکن سیاسی و مذہبی پارٹیوں کی جانب سے جمائمہ خان کے پہلے مذہب ”یہودیت “پر تنقید کے بعد ان دونوں کا سفر زیادہ نہ چل سکا اور 10سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد 22 جون 2004ء کو دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ اس وقت جمائمہ خان کی عمر 31 سال جبکہ عمران خان کی عمر 51 سال تھی۔
طلاق کے بعد جمائمہ خان لندن منتقل ہوگئی اور دونوں بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان بھی ان کے ساتھ منتقل ہوگئے۔ عمران خان نے دس سال تک شادی نہیں کی اور اپنی تمام تر توانائیاں سیاست پر خرچ کی۔ گزشتہ ایک دہائی اور خصوصا گزشتہ پانچ سالوں میں عمران خان کی سیاست اور مقبولیت میں اضافہ ہوا جس کے باعث وہ اس وقت خیبرپختونخواہ میں حکومت بنانے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں بیٹھنے کے اہل ہوئے۔
ریحام خان کی پہلی شادی
صحافی اور فلم پروڈیوسر 42 سالہ ریحام خان 3 اپریل 1973ء کو لبیا کے شہر اجدبیا میں خیبرپختونخواہ کے پٹھان خاندان کے گھر میں پیدا ہوئیں۔ بعد میں پاکستان منتقل ہوگئیں۔ انہوں نے پشاور کی جناح وومین کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد سوشیالوجی میں تعلیم حاصل کرنا شروع کردی لیکن انہوں نے بعد میں وہ میڈیا براڈکاسٹنگ میں ڈپلومہ کرنے کے لئے انگلینڈ منتقل ہوگئیں۔
ریحام خان نے اپنی تعلیم کے دوان ہی 20 برس کی عمر میں اپنے کزن اورماہر نفسیات برطانوی نڑاد پاکستانی ڈاکٹر اعجاز الرحمن سے1993میں شادی کی جو2005 میں علیحدگی پر ختم ہوئی۔ ریحام خان کو پہلے شوہر سے تین بچے بھی ہیں جو اپنے باپ کے ساتھ لندن میں رہتے ہیں۔ ریحام خان نے پہلے شوہر سے طلاق کے بعدایک انٹرویو میں کہا تھا شوہر ان پر تشدد کرتااور انہیں خرچ نہیں دیتا تھا۔
ریحام خان نے برطانوی ٹی وی چینلزاورریڈیوز کے لئے 2012 تک کام کیا۔ ریحام خان 2013میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کی کوریج کے لئے پاکستانی ٹی وی چینل کے ساتھ کام کرنے لگیں جس کے بعد و ہ پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز کے ساتھ منسلک رہیں۔ گزشتہ برس عمران خان کی جانب سے نواز حکومت کے خلاف اسلام آباد میں دیئے گئے۔ دھرنے کی کوریج کے لئے ریحام خان اسلام آباد پہنچی جہاں ان کے اور عمران خان کے درمیان شناسائی کے قصے عام ہوئے۔
اسی سال 8 جنوری 2015 میں انہوں نے اسلام آباد میں شادی کرلی جس کے بعد پہلی سہ ماہی میں ان کی شادی سے متعلق خوشگوار خبریں آتی رہیں لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا ان کی شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق پریشان کن خبریں آنے لگیں جن کی دونوں طرف سے تردید کی جاتی رہی لیکن 30 اکتوبر 2015ء کو ان کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی جس نے پورے ملک میں نئے بحث کوچھیڑ دیا۔