2 نومبر 2015
وقت اشاعت: 6:5
زلزلے سے متاثرہ مالاکنڈ،ہزارہ اورگلگت بلتستان میں آج برفباری کا امکان
جیو نیوز - اسلام آباد........پہاڑوں سے آتی سرد ہواؤں نے زلزلہ زدہ علاقوں سردی میں اضافہ کردیا ہے ،بے گھر متاثرین کھلے آسمان تلے سرد موسم کی سختیاں جھیل رہے ہیں ۔ اُدھر محکمہ موسمیات نے آج سے تین دن تک مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
زلزلہ کی تباہی، بے سروسامانی اوراس پر شدید سردی اور یخ بستہ ہواؤں نے زلزلہ زدگان کا ہر دن مشکل سے مشکل کردیا ہے ۔ اس عالم میں زندگی گزارنے والے افراد کی راتیں بے حد سرد اور دن ، خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔
کچھ علاقوں میں تو یہ عالم ہے کہ متاثرین کے لئے کوئی خیمہ بستی قائم نہیں ہے۔ لوگ اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں کے باہر ہی رہ رہے ہیں اور سخت سردی کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔
شانگلا ، سوات ، چترال ، تورغر ، خیبرایجنسی ، لوئر اور اپر دیر گلگت بلتستان کے ضلع استور ، دیامر ، اور ہنزہ سمیت زلزلہ زدہ علاقوں میں درجہ حرارت کم سے کم ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے سردی بڑھتی جارہی ہے۔ چمن شہروگردونواح میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب ، کوئٹہ ، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔