3 نومبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر تین ماہ گرفتاری نہیں ہو گی
جیو نیوز - کراچی......کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی میں عام شہریوںکیلئے تین جبکہ کمرشل اور بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
عجیب بات یہ ہے کہ اس دوران لائسنس نہ رکھنے پر عام شہریوں کے چالان تو کئے جائیں گے مگر ٹریفک اہلکاروں نے کمرشل اور بھاری گاڑیوں کے لائسنس چیک کرنے کی مہم روک دی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز لائسنس نہ ہونے پر ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی گرفتاری کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں رش بڑھ جانے کے بعد اس کی میعاد میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی اور پھر آج ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں میعادکو بڑھا کر تین ماہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
میعاد بڑھانے کا باقاعدہ اعلان ممکنہ طور پر آئی جی سندھ کل کریں گے، تاہم حکام مزید یہ بھی بتاتے ہیں کہ شہری جلد از جلد اپنے لائسنس بنوالیں کیونکہ لائسنس نہ ہونے پر ان کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ یہ مدت ختم ہوجانے کے بعد انھیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔
ٹرانسپورٹرزکی درخواست کے بعدکمرشل اور بھاری گاڑیوںکے ڈرائیوروںکوبھی ایک ماہ کی مہلت دیدی گئی ہے۔جس کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے کمرشل اور بھاری گاڑیوں کے خلاف لائسنس چیکنگ کی مہم روک دی گئی ہے۔