تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 نومبر 2015
وقت اشاعت: 16:36

طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ،پائلٹ ذمہ دار قرار

جیو نیوز - لاہور......لاہور ایئرپورٹ پر شاہین ایئر کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ پائلٹ کی غلط لینڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ۔ یہ انکشاف ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ، حادثے کے شکار طیارے کو فنی طور پرمکمل تباہ قرار دے دیا گیا ہے ۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے 112 مسافر وں کے ساتھ پرواز کرنے والا شاہین ایئر کا بوئنگ طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حادثہ کا شکار ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارے کی لینڈنگ پوزیشن متوازن نہیں تھی۔

پائلٹ نے رن وے کو تاخیر سے ٹچ کیا اور ہیوی لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کرتے ہوئے طیارہ بائیں جانب جھکا ہوا تھااور طیارے کا تمام وزن بائیں جانب کے لینڈنگ گیئر پر تھا۔ شدید دبائو اور جھٹکے کی وجہ سے بائیں لینڈ گئیر کے ٹائر پھٹ گئے اور طیارہ بے قابو ہو کر بائیں جانب رن وے سے اتر کر کچے میں اترتا چلا گیا ۔

کچے میں اترنے کی وجہ سے طیارے کے دونوں پچھلے لینڈنگ گیئر ٹوٹ کر طیارے سے الگ ہوگئے ۔ مسافروں کو طیارے کے شوٹ کھول کرباہر نکالا گیا۔شاہین ایئر کے انجینئرنگ ذرائع کے مطابق حادثہ کا شکار طیارہ مرمت کے قابل نہیں رہا اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے ۔

ایئرلائن اب طیارے کے انشورنس کلیم میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ شاہین ایئر کے ایک اعلیٰ عہدیدارنے جیو نیوز کو بتایا کہ حادثہ کی تحقیقات میں تعاون اور انشورنس کلیم کیلئے بوئنگ کمپنی اور انشورنس کمپنی کے ماہرین جلدپاکستان آ رہے ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.