4 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:59
کراچی ٹریفک پولیس کے 88فیصد اہلکار ڈرائیونگ لائسنس نہیں رکھتے
جیو نیوز - کراچی .....افضل ندیم ڈوگر .....کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر شہریوں کو گرفتار کرنے کے خوف میں مبتلا کرنے والی ٹریفک پولیس کے 88 فیصد اہلکاروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہیں ،جن 12 فیصد افسران کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نکلے وہ بھی سرکاری گاڑی کے اجراء کے لئے مجبوراً بنوائے گئے۔
نمائندہ خصوصی افضل ندیم ڈوگر نے اس سلسلے میں شہر کے مرکزی علاقے ریڈ زون میں سروے کیا،اس دوران ٹریفک پولیس کے 40 اہلکاروں کے انٹریوز کئے گئے، جن میں سے صرف 5 ٹریفک پولیس افسران کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نکلے جبکہ دیگر اہلکار ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے کے دلچسپ بہانے کرتے رہے۔
کیمرہ سامنے دیکھتے ہی ایک بھرم باز پولیس افسر نے کہ جی ہاں میرے پاس لائسنس ہے مگر جب ان سے دکھانے کا کہا گیا اہلکاروں نے لائسنس ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا مگر وہ لائسنس نہ دکھا سکے۔ ایک اور پولیس اہلکار نے کہا کہ ان کے پاس 1988ء سے ڈرائیونگ لائسنس بنا ہوا ہے مگر جب انہیں لائسنس دکھانے کا کہا گیا تو پرس چیک کرتے رہے مگر لائسنس نہیں نکال سکے۔
لائسنس دکھانے کے نام پر ایک پولیس افسر کا پرس دکھاتے ہوئے ہاتھ کانپتا رہا، کئی اہلکار تمام دن موٹر سائیکل پر گھومنے نظر آتے ہیں مگر جب ان سے لائسنس کے بارے میں پوچھا گیا 60 فیصد اہلکاروں نے کہا کہ ان کے پاس موٹر سائیکل ہی نہیں ہے ،ڈرائیونگ لائسنس کا پوچھنے والے ایک پولیس اہلکار نے اونچی آواز کہا کہ اس کا گلا خراب ہے وہ کچھ بتا نہیں سکتا۔
ڈرائیونگ لائسنس کا پوچھنے پر ایک سیکشن افسر نےوہاں پیدل موجود نمائندہ جیو نیوز کا ہی لائسنس مانگ لیااور لائسنس دکھانے پر پولیس افسر نمائندہ جیو نیوز کا لائسنس لے کر ایس ایم ایس کرکے اس کے اصلی یا نکلی ہونے کا چیک کیا جو اصلی نکلی پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔