4 نومبر 2015
وقت اشاعت: 13:47
پابندی لگتے ہی ڈرائیونگ لائسنس کراچی کے شہریوں کے حواس پر سوار
جیو نیوز - کراچی....... پابندی لگتے ہی ڈرائیونگ لائسنس کراچی کے شہریوں کے حواس پر سوار ہوگیا ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لئے 7 مرحلوں سے گزرنا پڑتاہے، پہلے مرحلے میں لرننگ ،پرمیننٹ، رینیو یا ڈپلیکیٹ لائسنس بنوانا ہو تو اس کیلئے متعلقہ ونڈو سے فارم لینا پڑتا ہے۔
دوسرا مرحلے میں لائسنس کے امیدوار کی کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا رجسٹریشن کی جاتی ہے۔ تیسرے مرحلے میں میڈیکل کائونٹرسے 100 روپے کی پرچی بنوانی پڑتی ہے۔
چوتھے مرحلے میں آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر لائسنس کے امیدوار کی آنکھوں کا معائنہ کرتا ہے کہ اُس کی بصارت گاڑی چلانے کے لائق ہے یا نہیں۔پانچویں مرحلے میں لائسنس کے امیدوار کو برانچ ہی میں موجود پوسٹ آفس سے متعلقہ لائسنس کی فیس بھر کر ٹکٹ لگوانا ہوتا ہے۔
چھٹے مرحلے میں لرننگ لائیسینس، رنیو اور ڈپلیکیٹ لائسنس بنا نے والوں کی تصاویر بنواکر لائسنس کا پرنٹ حاصل کرتے ہیں جبکہ پرمیننٹ کے امیدوار ٹیسٹ دینے کے لئے ٹیسٹ ہال میں آتے ہیں۔ یہاں امیدواروں کو لائسنس برانچ کی جانب سے 100سوالوں پر مشتمل سوال نامہ فراہم کیا جاتا جس میں سے پندرہ سوالات کے جوابات پوچھے جاتے ہیں۔
ساتویں مرحلے میں تحریری ٹیسٹ پاس کرانے والوں کا ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس کے بعد پرنٹنگ روم میں امیدوار کی تصویر بنائی جاتی ہے اور پھر لائسنس جاری کردیا جاتا ہے۔