4 نومبر 2015
وقت اشاعت: 22:36
لاہور میں فیکٹری گرنے سے 16 محنت کش جاں بحق
جیو نیوز - لاہور.....لاہورمیں شاپنگ بیگ بنانےوالی فیکٹری کی چھت محنت کشوں پرقیامت بن کرٹوٹ پڑی،16 مزدورجاں بحق ہوگئے ، 80زخمیوں کونکال لیاگیا،100سےزائدافرادکوبچانےکی کوششیں جاری ہیں، امداد کےلیےسی 130طیارہ آرمی اربن سرچ اورریسکیو ٹیم لےکرلاہورپہنچ گیا۔
سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور، پلاسٹ بیگ تیار کرنے والی ایک فیکٹری کی چوتھی منزل زیر تعمیر تھی جو اچانک گر گئی۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت زمیں بوس ہو گئی۔فیکٹری میں کام کرتے ورکرز اور مزدوروں کی بڑی تعداد ملبے تلے دب گئی۔
ریسکیو ٹیموں اور پاک فوج کی انجینئرنگ کور کے جوانوں نے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ ملبہ ہٹانے کے لیے پاک فوج کی ہیوی مشنری بھی موقع پر پہنچ گئی۔
فیکٹری ورکرز نے بتایا کہ زلزلے کے باعث عمارت میں دراڑیں پڑ چکی تھیں۔ فیکٹری مالکان کو اس سے آگاہ کر دیا تاہم اس جانب کوئی توجہ نہ دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی جائے حادثہ پر پہنچے۔ اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔
بحریہ ٹاؤن کی ریسکیو ٹیموں نے بھی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔فیکٹری گرنے کے بعد لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔