5 نومبر 2015
وقت اشاعت: 7:53
لاہور میں فیکٹری حادثہ ، 19محنت کش جاں بحق ہوگئے
جیو نیوز - لاہور......لاہور کی سندر انڈسٹریل اسٹیٹس میں فیکٹری حادثہ انیس محنت کشوں کی زندگیاں نگل چکا ، اسی کے قریب زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں،ملبے تلے دبے درجنوں افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
لاہور کےعلاقے سندر میں ایک فیکٹری کی عمارت گر گئی ، گذشتہ شام پیش آنے والے حادثے پر ریسکیو کا کام ابھی تک جاری ہے ، ابھی بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں ، کئی ایک زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے اور حادثے کی وجہ تاحال نامعلوم ہے ۔
سانحہ نہ ہو تو حادثہ ہوجائے، آئے دن اس قوم کو ایک نئی پریشانی تو دیکھنا ہی پڑتی ہے ،لاہور میں ایک فیکٹری کی عمارت گر گئی ۔درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے ،معمول کی زندگی اچانک رک سکی گئی ،ہنستے بولتے کام کرتے اچانک مٹی میں مٹی ہوگئے جو گھروں سے کام لیے فیکٹری پہنچے تھے ، اب لاش بن کر اپنے گھروالوں کے منتظر ہیں ۔
بیس گھنٹے ہونے کو آئے ، ابھی بھی ملبے تک متعدد افراد دبے ہیں ، کتنے زندہ رہ گئے ہوں گے، کتنے دنیا چھوڑ گئے، یہ تو وقت گزرنے کے ساتھ ہی پتہ چلے گا ، لیکن عینی شاہدین کہتے ہیں کہ اس فیکٹری میں بچے بھی کام کررہے تھے ، یہ بچے یہاں چوبیس گھنٹے موجود رہتے تھے ،کن ماؤں کے لعل تھے وہ ، کن آنکھوں کا نور تھے، اب کس حال میں ہیں ، والدین پر کیا گزررہی ہے ، فیکٹری کی عمارت کیسے گری ۔
کچھ کا خیال ہے کہ عمارت کی تعمیر ناقص تھی ، کچھ کا خیال ہے کہ چھبیس اکتوبر کے زلزلے کےبعد عمارت کمزور ہوگئی تھی ، کچھ کا دعویٰ ہے کہ عمارت کی خستہ حالی پر مالک کو تین ماہ سے آگاہ کیا جارہا تھا ۔غلطی جس کی بھی ہو، کئی گھرانوں کے چراغ گل ہوگئے ، ملبے تلے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔