5 نومبر 2015
وقت اشاعت: 8:9
بلدیاتی انتخابات :پہلے مرحلےمیں بےضابطگیاں ،چیف الیکشن کمشنر برہم
جیو نیوز - اسلام آباد.......چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے بلدیاتی انتخابات کےپہلے مرحلےمیں بےضابطگیوں پرشدیدبرہمی کااظہارکرتےہوئےکہاکہ بیلٹ پیپرز میں غلطیوں سے خفت کا سامنا کرنا پڑا دوسرے مرحلے میں ایسی کوتاہیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آبادمیں ہوا۔ سندھ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی خامیوں اور دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے میں بے ضابطگیوں پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپرز میں غلطیوں سے خفت کا سامنا کرنا پڑا ، دوسرے مرحلے میں ایسی کوتاہیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔خیر پور واقعہ کے بعد دوسرے مرحلے میں سیکیورٹی کو مزید بڑھائیں گے ، جہاں خرابی کاخدشہ ہوا، فوج بھی تعینات کی جائےگی ۔
تاہم پولنگ سٹیشن کے اندر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ صوبوں کی ڈیمانڈ پر کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیاگیاکہ ریٹرننگ افسر بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے وقت ایک سے زائد بار بیلٹ پیپرز کو چیک کریں گے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سانگھڑ کی جانب سے فوج تعینات کرنے کی درخواست پر بھی غور کیا گیا ، فیصلہ آئندہ ہفتے کیاجائےگا۔