تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 نومبر 2015
وقت اشاعت: 11:31

اسلام آباد سے دبئی جانے والے پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن برآمد

جیو نیوز - اسلام آباد.......اسلام آباد سے دبئی جانے والے پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے ،عملے کو ہیروئن رکھے جانے کا علم دوران پرواز ہوا جس پر طیارےکو کراچی میں اتار لیا گیا۔

ایک زمانہ تھا جب پی آئی اے اپنی لاجواب سروس کی بدولت توجہ کا مرکز ہوا کرتی تھی، لیکن آجکل اس کی پہچان یا تو داخلی بحران ہیں، یا پھر افسران کی کرپشن اور ملازمین کے جرائم کی نہ ختم ہونے والی داستان، تازہ خبر پی آئی اے کی پرواز پی کے 211 سے متعلق ہے۔

طیارے نے اسلام آباد سے دبئی کیلئے اُڑان بھری، تو کچھ ہی دیر بعد عملے کو ٹوائلٹ میں ٹشو رولز کے درمیان مشکوک پیکٹ نظر آئے۔ اطلاع ملتے ہی پائلٹ نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا، جنہوں نے کراچی میں لینڈنگ کی ہدایت کی۔یوں پنچگور کی فضاؤں میں اُڑتا ہوا طیارہ کراچی آیا اور لینڈنگ کرتے ہی کسٹمز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام اندرپہنچ گئے۔

کسٹم حکام کے مطابق طیارے کے ٹوائلٹ سے تین کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔فوری طور پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے کہ ایئرپورٹ پر چیکنگ کے انتہائی سخت انتظامات کے باوجود ہیروئن طیارے کے اندر کیسے پہنچی، باہر سے کون لایا، اور اندر سے کس نے معاونت کی،کسٹم اور اے این ایف کی کارروائی کے بعد پرواز پی کے 211 کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہوگئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.