6 نومبر 2015
وقت اشاعت: 14:35
سانحہ سندر فیکٹری، جاں بحق افراد کی تعداد38 ہو گئی
جیو نیوز - لاہور.......لاہور کےسانحہ سندر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہو گئی،ملبے میں دبے مزید تیس سے چالیس افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، فیکٹری مالک رانا اشرف کی لاش بھی مل گئی۔
سندر انڈسٹریل اسٹیٹس میں بدھ کی شام قیامت گزر گئی، فیکٹری کی چوتھی منزل کا سیکڑوں ٹن وزنی لینٹر گرا اور سب کچھ تہہ و بالا کر گیا،پر پھیلائے موت نے فیکٹری کو لپیٹ میں لیا۔
سرکاری اداروں،پاک فوج اور بحریہ ٹاؤن کی امدادی ٹیمیں ملبے کو ہٹانےمیں لگ گئیں، ہیوی کٹرز ، ڈرلوں اور دیگر آلات کی مدد سے لینٹر کو کاٹ کر ہٹانے کی بھرپور کوششیں جاری ، سو سے زائد انسانی زندگیو ں کو بچا بھی لیا گیا،مگر سانحہ بڑا اور آج تیسرا روز۔
ملبے تلے سے مدد کیلئے پکارتی آوازیں آہستہ آہستہ خاموش ہوتی چلی گئیں۔ جمعرات کی شام تک زخمیوں کو زندہ نکالا جاتا رہا مگر اب کئی گھنٹوں سے صرف لاشیں نکل رہی ہیں،ملبے سے کسی کے نکلنے پر لواحقین ،کسی آس امید کےساتھ اس جانب دوڑ پڑتے ہیں مگر لاش دیکھ کر ضبط کے سارے بندھن ٹوٹ جاتے ہیں۔
واقعہ المیہ میں بدل جانے کے دھڑکے، اندیشے سر اٹھانے لگے، ہر دل دہلا ہوا، فضا میں وحشتوں کے سایے، موت کی سی اس خاموشی میں کبھی کبھی کوئی آواز ابھرتی ہے تو کسی امدادی کارکن کی ،لینٹر کو کاٹتی مشینوں کی ،یا پھر اٹھتی آہوں کی، ان ماؤں، بہنوں ،بیٹیوں ،بھائیوں اور والدین کی آہوں کی جن کے دلوں میں ہزاروں اندیشے مگر نظریں آسمان کی طرف اور لبوں پر اپنے پیاروں کی سلامتی اور ان سے آن ملنے کی دعائیں۔