تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
6 نومبر 2015
وقت اشاعت: 15:15

کراچی میں ایک اور بینک لوٹ لیا گیا

جیو نیوز - کراچی.......کراچی میں ایک اور بینک لو ٹ لیا گیا ۔ بلدیہ کےعلاقے اتحاد ٹائون میں 10 ڈاکو بینک میں گھسے، اسلحے کے زور پر 27 لاکھ روپے لے کر اُڑن چھو ہوگئے ، سال کے گیارہویں مہینے میں لٹنے والا یہ گیارہواں بینک ہے، پولیس حسب روایت کچھ نہ کرسکی تو ایک سیکیورٹی گارڈ کو دھر لیا۔

چوری کے دھندے میں جو مال لے جائے،مال بھی اس کا اور دھندا بھی اس کا،یہی معمول بن چکا ہے کراچی کا،جہاں ڈاکو پرائے مال کو اپنا سمجھ کر بینکوں پر ہاتھ صاف کرتے ہیں۔ اس بار 10 ڈاکوئوں کی بارات اتری اتحاد ٹائون کراچی کے بینک میں اور دن دہاڑے لاکھوں کی سلامی لے کر نکل گئی۔

گیارہویں مہینے میں سال کی گیارہویں ڈکیتی،جس میں ستائیس لاکھ روپے پر ہاتھ صاف کردیا گیا،حسب معمول اسلحہ کے زور پر ڈاکو بینک کی سیکیورٹی کو ٹھینگا دکھا کر نکل گئےاور سیکیورٹی گارڈز منہ دیکھتے رہ گئے،واردات کے بعد پولیس پہنچی تو ایک بار پھر کون ہیں، کہاں سے آئے،کیسے آئے کی گتھیوں میں الجھ گئی۔

لٹیرے تو اپنا کام کرکے نو دو گیارہ ہوگئے،پولیس نے ایک سیکیورٹی گارڈ کو دھر لیا،لیکن اصل کام ہے دن کی روشنی میں قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنااور یہ لمحہ کب آئے گا یہ تو پولیس جانے اور اس کی پھرتیاں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.