13 مئی 2016
وقت اشاعت: 17:27
شہباز شریف نے تحفظ نسواں بل پرمشاورتی کمیٹی تشکیل دیدی
جیو نیوز - لاہور......وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےتحفظ خواتین ایکٹ پر علماء کا موقف جاننے کے لئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کمیٹی کے چیئرمین، خواجہ احمد حسان شریک چیئرمین اور سلمان صوفی سیکرٹری ہوں گے۔
مشاورتی کمیٹی میں متعلقہ سیکرٹریز کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی شامل ہوں گے۔کمیٹی کے سیکرٹری سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
یہ قانون رات کے اندھیرے میں نہیں پنجاب کے تمام منتخب عوامی نمائندوں کی معاونت سے دو سال کی محنت کے بعد بنایا گیا ہے۔ سلمان صوفی کا کہنا تھا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے قانون سازی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عبادت سمجھ کر کی گئی ہے۔