16 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:57
تحفظ نسواں بل فوری واپس لیا جائے، مذہبی قائدین
جیو نیوز - لاہور...... دینی جماعتوں کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تحفظ نسواں بل فوری طور پر واپس لیا جائے اور نیا قانون اسلامی نظریاتی کونسل کے مشورے سے لایا جائے۔
جماعت اسلامی کے زیراہتمام منصورہ لاہور میں دینی جماعتوں کے مشترکہ اجتما ع کے اعلامیہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت خواتین کے تحفظ کے سلسلے میں پہلے سے بنائے گئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 27 مارچ تک بل واپس نہ لیا گیا تو ایسی تحریک چلی گی جس کا مقابلہ کرنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا۔
جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ملاقات میں بتایا کہ انہوں نے شہباز شریف سے کہا کہ وہ بل لانے سے پہلے پارٹی یا کسی سے مشورہ تو کر لیتے، بل آنے سے ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔
اجتماع سے صاحبزادہ ابوالخیر زبیر،مولانا سمیع الحق،پروفیسر ساجد میر،علامہ امین شہیدی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ 2 اپریل کو اسلام آباد میں علماء مشائخ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔