18 مئی 2016
وقت اشاعت: 0:38
راہداری منصوبہ انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، گورنر بلوچستان
جیو نیوز - کوئٹہ ........گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے علاوہ خطے میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے دورے پر آئے ہوئے جرمن سفارتکار کو بتایا کہ بلوچستان قدرتی ومعدنی وسائل سے مالامال ہے تاہم انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے بیرونی تعاون ہمارے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ مقامی حقیقی قیادت کو حکمرانی کا موقع ملا ہے اور وہ صوبے کی پسماندگی اور محرومی دور کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولیات مہیا کرنے کا پختہ ارادہ رکھتی ہے۔
جرمن سفارتکار نے اپنے ملک کی جرمن کمپنیوں کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر گورنر بلوچستان نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان میں سے جو بھی گوادر کا دورہ کرنا چاہے گا صوبائی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی۔