19 مئی 2016
وقت اشاعت: 13:52
امریکا میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کی ابھی کوئی تجویز نہیں: دفتر خارجہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ امریکا میں ایٹمی ممالک کے سربراہ اجلاس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کی ابھی کوئی تجویز نہیں آئی، افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات ابھارنے پر ہونے والا کام افسوسناک ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ایٹمی ممالک کے امریکا میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کی فی الحال کوئی تجویز ہی نہیں، اس غیر مجوزہ ملاقات کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ ملاقات کے نتیجے سے نتھی کرنا محض قیاس آرائی ہے،مودی صاحب کی ملاقات نیوکلیئر سمٹ میں وزیر اعظم نواز شریف سے ہو گی یا نہیں، ابھی تک ایسی کوئی تجویز ہمارے پاس نہیں آئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تین دہائیوں سے حالات کشیدہ ہیں، پاکستان افغان امن کا مخلصانہ حامی ہے، کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے،کشمیر یو این ایجنڈا پر سب سے پرانا آئٹم ہے، جس پر اقوام متحدہ کی قرادادیں ہیں اور انہی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کو استصواب رائے سے حل ہونا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے، دہشت گردوں کا خاتمہ بلا تفریق کیا جائے گا۔