21 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:17
بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی
جیو نیوز - اسلام آباد ......آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،لینڈ سلائڈنگ اور گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات میں 24 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔
خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،مظفر آباد کے علاقہ سرلی سچا میں مٹی کا تودہ گرنےسے ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے 5افراد جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی ۔
حویلی میں 2 مختلف مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنےسے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔ادھر باغ کے علاقہ اچھاڑ میں کچا گھر گر گیا جس سے میاں بیوی جاں بحق اور بچی زخمی ہوگئی ،پونچھ میں عباس پور کے مقام پر بھی ایک گھر کی چھت گرگئی ہے ،حادثے میں ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا ۔
کرم ایجنسی کے علاقہ گوندل ،،لوئر دیر کے علاقےمیاں بانڈہ میں اور مالاکنڈ ایجنسی کے علاقہ بٹ خیلہ میں بارش کےباعث گھروں کی چھتیں گرگئیں ، ملبے تلے دب کر 12 افراد جاں بحق اور3 خمی ہوگئے،مرنے والوں میں 5 بچے شامل ہیں ۔