21 مارچ 2014
وقت اشاعت: 14:43
جاپان:سونامی متاثرین سے اظہاریکجہتی کی تقریب ،سفیر پاکستان کی شرکت
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…گزشتہ اتوار کو چیباپریفیکچر کے پاکستانی ریستوران میں سونامی متاثرین سے اظہاریکجہتی کے طور پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں باندو شہر کے میئر، مقامی اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور سفیر پاکستان فاروق عامل نے خصوصی شرکت کی۔مقامی آن لائن اخبار کی انتظامیہ نے اس مثبت تقریب کے شاندار انعقاد پر اس تقریب کے منتظمین انعام الحق، صالح خان اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی عوام کے ساتھ ان کے غم میں شریک ہوکر ان کے ساتھ اس انداز سے اظہار یکجہتی کی تقریب منعقد کرنا قابل ستائش ہے۔ مقامی اخبار کے مدیر اعلیٰ ناصرناکاگاوا نے کہا کہ انعام الحق جیسی ہر دل عزیز سماجی شخصیت کو کسی تنظیم کے پلیٹ فارم کی ضرورت نہیں بلکہ ایسی شخصیات سے ہی تنظیمیں وجود میں آتی ہیں کیونکہ کسی بھی تنظیم کے اعتماد کا دارومدار اس تنظیم سے منسلک شخصیات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اوروطن عزیز کا نام روشن کرنے کیلئے کسی خاص تنظیم یا ایسوسی ایشن کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی بلکہ ہر پاکستانی اپنی ذات میں ایک سفیر پاکستان کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کا فعل و عمل ہی اس کے ملک کی پہچان ہوتا ہے، ہر پاکستانی کو چاہیے کہ دیارغیر میں کسی بھی سیاسی، مذہبی، لسانی یا دوسری تنظیموں میں شمولیت سے بالا تر ہوکر بطور پاکستانی کام کریں، ماضی کا تجربہ بتاتا ہے کہ آج تک جاپان میں کوئی ایسی تنظیم یا پارٹی قائم نہیں ہوئی جس نے تمام پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہو، البتہ آپس میں دوستیاں ختم کروانے اور فسادات کو ہوا دینے میں اہم کردارضرور ادا کیا ہے۔