4 اپریل 2014
وقت اشاعت: 0:12
سی آئی اے کی خفیہ تحقیقاتی رپورٹ کے کچھ حصے منظر عام پر لانے کی منظوری
جیو نیوز - واشنگٹن… امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے سی آئی اے کے تفتیشی طریقوں سے متعلق رپورٹ کے کچھ حصے جاری کرنے کی منظوری دے دی، سی آئی اے نے رپورٹ مسترد کردی۔ سینیٹ پینل نے 6 ہزار 300 صفحات پر مشتمل ایک خفیہ رپورٹ رواں ہفتے تیار کی تھی جس میں سابق صدر بش کے دور میں سی آئی اے کے تفتیشی طریقوں کے بارے میں اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے کم از کم 500 صفحات منظر عام پر لانے کے لیے سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی میں ووٹنگ ہوئی جس کے حق میں 11 اور مخالفت میں 3 ووٹ پڑے۔رپورٹ پر سی آئی اے اور سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ سی آئی اے نے رپورٹ کو حقائق کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر اوباما نے انٹیلی جنس حکام کو رپورٹ کے کچھ حصے جاری کرنے کا کام جلد شروع کرنے کا حکم دیں گے۔