30 اپریل 2014
وقت اشاعت: 9:42
بھارت میں انتخابات کے ساتویں مرحلے میں پولنگ
جیو نیوز - نئی دہلی …بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے ساتویں مرحلے کی پولنگ جاری ہے جس میں 89 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سری نگر میں سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق سمیت سیکڑوں افراد کو نظر بند کردیاگیا ۔پارلیمانی انتخابات کے ساتویں مرحلے میں سات ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام دوعلاقوں میں پولنگ ہورہی ہے ان میں گجرات، بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، پنجاب، آندھرا پردیش، جموں و کشمیر، دادرا اور ناگر حویلی اور دمن اور دئیو شامل ہیں۔گجرات کی تمام 26 نشستوں کے لیے ایک ساتھ پولنگ ہورہی ہے۔ بڑودا کے حلقے سے وزارت عظمیٰ کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوارنریندر مودی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ جبکہ گاندھی نگر کے حلقے سے بی جے پی کے سابق صدر ایل کے ایڈوانی میدان میں ہیں۔الیکشن کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔سری نگر میں تمام اہم حریت رہنماؤں سمیت سیکڑوں افراد کو مختلف تھانوں یا گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے 6سوسے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔حریت رہنماؤں سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق ،یاسین ملک اور شبیر شاہ سمیت کئی اہم اہم رہنما ؤں کو گھروں یا تھانوں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔