21 فروری 2015
وقت اشاعت: 16:25
چین کا نریندر مودی کے دورہ آرونچل پردیش پر شدید احتجاج
جیو نیوز - بیجنگ...... چین نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ آرونچل پردیش پر احتجاج کیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چن ژن نے گزشتہ روز اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ متنازعہ شمال مشرقی علاقے کا دورہ کرکے نریندر مودی نے چینی تحفظات کو نظر انداز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہمارے شدید تحفظات پر توجہ دے۔ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے کبھی بھی ” نام نہاد آرونچل پردیش کو تسلیم نہیں کیا ہے“۔ نریندر مودی کا اس علاقے کا دورہ دونوں ممالک کے مجموعی دوطرفہ تعلقات کےلئے خوشگوار نہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے آرونچل پردیش کا دورہ کیا تھا اور وہاں پر ایک ریلوے لائن اور پاور سٹیشن کا افتتاح بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ چین آرونچل پردیش میں 90 ہزار مربع کلومیٹر علاقے کی ملکیت کا دعویٰکرتا ہے۔