25 فروری 2015
وقت اشاعت: 19:59
2014ء لاکھوں انسانوں کیلئے مصائب کا سال رہا، ایمنسٹی
جیو نیوز - نیویارک........انسانی حقوق کے عالمی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 2014ء لاکھوں انسانوں کےلیے مصائب و مشکلات کا سال رہا، جنہیں مسائل سے نکالنے میں عالمی طاقتوں کا کردار شرمناک ہے۔ ایمنسٹی نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے معاملات پر ویٹو سے گریز کریں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری عالمی رپورٹ میں کہا ہے کہ مسلح تنازعات کے باعث غزہ، شام، نائیجیریا اور یوکرین میں لاکھوں شہری ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ سال جنگ دوئم کے بعد پہلی بار پناہ گزینوں کی تعداد ریکارڈ5کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ لاکھوں لوگوں کو داعش اور بوکو حرام جیسے مسلح گروہوں کے ظلم و تشدد کا سامنا ہے مگر انہیں نجات دلانے میں عالمی طاقتوں کا کردار شرمناک اور غیر مؤثر ہے۔ رپورٹ کے مطابق 4کروڑ شامی پناہ گزینوں میں سے 95 فیصد لبنان، ترکی، عراق، مصر اور اردن میں مقیم ہیں، ایمنسٹی کے جنرل سیکریٹری نے یورپ اور دیگر امیر ملکوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جن کی ترجیح پناہ گزینوں کی جان بچانے کے بجائے انہیں اپنی زمین سے دور رکھنا ہے۔ ایمنسٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلح گروہوں کے سرحدوں سے باہر پھیلاؤ کی وجہ سے آنے والے سالوں میں انسانیت کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سلامتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے ایمنسٹی نے کہاہے کہ تنازعات سے نمٹنے میں عالمی ادارہ ناکام ہوچکاہے،سلامتی کونسل پر زور دیا گیاہے کہ وہ ہتھیاروں کی فروخت کے عالمی معاہدے پر عمل کرائیں تاکہ انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث قوتیں ہتھیار حاصل نہ کرسکیں۔ سلامتی کونسل ارکان سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ ویٹو کے ذریعے انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی جیسے جرائم میں ملوث قوتوں کو تحفظ دینے سے گریز کریں۔