9 مارچ 2015
وقت اشاعت: 23:41
امریکا اور وینزویلا کے درمیان سفارتی تنازع شدت اختیار کر گیا
جیو نیوز - واشنگٹن......امریکا اور وینزویلا کے درمیان سفارتی تنازع شدت اختیار کر گیا، صدر اوباما نے وینزویلا کے خلاف نئی پابندیاں لگانے کا حکم دے دیا، جبکہ وینزویلا نے واشنگٹن سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے پریس بریفنگ کے دوران وینزویلا کو امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کی حکومت مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے اور امریکا کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراکس کے میئر سمیت وینزویلا کے 7اعلیٰ حکام کے خلاف پابندیاں لگانے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ دوسری جانب وینزویلا نے صورتحال پر مشاورت کے لیے واشنگٹن سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔