10 مارچ 2015
وقت اشاعت: 23:51
بحیثیت وزیر سرکاری ای میل اکائونٹ ہی استعمال کرنا چاہئے تھا، ہیلری
جیو نیوز - نیویارک.........سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اقرار کیا ہے، کہ بحیثیت وزیر انہیں سرکاری ای میل اکائونٹ ہی استعمال کرنا چاہئے تھا، تاہم انہوں نے کسی ضابطے کے خلاف ورزی نہیں کی۔ نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ذاتی ای میل اکائونٹ استعمال کرکے انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا اور خفیہ اور اہم معلومات کے تبادلے کے لیے انہوں نے کبھی بھی ذاتی ایل میل اکائونٹ استعمال نہیں کیا، انھوں نے ذاتی ای میل اکائونٹ صرف اپنی آسانی کے لیے استعمال کیا۔ سابق سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دفتری امور سے متعلق تمام اہم ای میلز محکمہ خارجہ کے حوالے کردی تھیں اور انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیس ہزار سے زائد ایسے پیغامات اپنے ذاتی ای میل اکائونٹ سے ڈیلیٹ کیے ہیں، جو غیر ضروری اور ذاتی نوعیت کے تھے اور ان کا سرکاری امور سے کوئی تعلق نہیں تھا۔